ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اس مرتبہ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام تقریب میں شرکت کریں گے۔
دراصل اورنگ آباد شہر میں ہر سال سترہ سمتبر کو مراٹھواڑہ مکتی پروگرام ہوتا ہے، ریاست کے وزیر اعلیٰ اس پروگرام میں شرکت کرتے ہیں، گزشتہ چھ برسوں سے ایم پی امتیاز جلیل نے اس پروگرام سے دوری بنائے رکھی لیکن اب انہوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ پروگرام میں شرکت کریں گے اور مراٹھواڑہ کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کا خیر مقدم کریں گے۔
اس معاملے پر رکن پارلیمان جلیل کا کہنا ہے کہ ہر سال مکتی سنگرام کے نام پر مراٹھواڑہ کے لوگوں کو بیوقوف بنایا جاتا رہا جب کہ حقیقت یہ ہے کہ مراٹھواڑہ کی ترقی سے کسی کو کوئی سروکار نہیں رہا۔ حکومت کی جانب سے جاری ایک کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے امتیاز جلیل نے وزیر اعلیٰ کے ترقیاتی منصوبوں پر طنز کیا۔
ریاستی حکومت نے پیٹھن تعلقہ میں سنت پیٹھ کے قیام کا اعلان کیا ہے، امتیاز جلیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اسپورٹس یونیورسٹی کے بجائے ہمارے نوجوانوں کو سنت بنایا جارہا ہے۔ فلائی اوور بریج کے نام پر اورنگ آباد کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ممبئی: سونو سود کے آفس پہنچی انکم ٹیکس ٹیم
ایک سوال کے جواب میں رکن پارلیمان جلیل نے کہا کہ استقبالیہ پروگرام کے لیے پولیس سے اجازت کی کوئی ضرورت نہیں، ہم اپنے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کررہے ہیں۔