حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں اور پانی کے متعدد ٹینکر جائے موقع پر آگ بجھانے کے لیے پہنچے، لیکن خبر لکھے جانے تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
کلیان (ویسٹ) میں واقع کھڑک پاڑہ روڈ پر کلیان میونسپل کارپوریشن کے اس ڈمپنگ گراؤنڈ میں اکثر آتشزدگی کی واردات رونما ہوتی ہے مگر اس طرح اچانک لگنے والی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں اور ڈمپنگ گراؤنڈ کے کچروں کے جلنے سے نکلنے والی زہریلی گیس سے مقامی مکین کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگتی ہے۔
اس طرح کی واردات کے بعد فوراً مکین دوسرے مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ کلیان کے ڈمپنگ گراؤنڈ کے نزدیک واقع سی این جی پمپ ہونے کے سبب مقامی باشندوں میں شدید خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
واضح رہے کہ یہ ڈمپنگ گراؤنڈ تقریباً 16 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور آگ لگ جانے سے دھواں پانچ کلو میٹر دور تک پھیل گیا، مقامی لوگ اس ڈمپنگ گراؤنڈ کو کافی دنوں سے بند کرنے کا مطالبہ کررہے تھے کیونکہ یہاں اکثر و بیشتر اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔
گزشتہ برس بھی یہاں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر فائر بریگیڈ نے 15 گھنٹوں کی مشقت کے بعد قابو پایا تھا۔