مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں مختلف مقامات پر کورونا ویکسین کے دوسرے مرحلے کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں لیکن اورنگ آباد کے کچھ مراکز پر 45 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا ہجوم بھی دیکھا جا رہا ہے۔
گھنٹوں قطار میں لگے رہنے کے باوجود کورونا کی دوسری خوراک ملے گی یا نہیں، اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے صبح سے قطار میں لگے لوگوں میں برہمی پائی جارہی ہے۔
اورنگ آباد شہر میں کورونا ویکسین کے لیے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اورنگ آباد شہر کے سڈکو ہیلتھ کیئر سینٹر میں کورونا ویکسین کے ٹیکے دیے جارہے ہیں۔ لوگ قطاروں میں کھڑے ہیں لیکن سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا اور نہ ہی کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کیا جا رہا۔
لوگوں کہ کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے۔ دوسرے ٹیکے کے لیے پہنچے لوگوں نے کارپوریشن حکام کے رویے پر بھی سخت اعتراض جتایا اور الزام لگایا کہ اسپتال انتظامیہ کے لوگ کورونا ویکسین کا صحیح اعداد و شمار نہیں بتا رہے ہیں۔ اس سے لوگوں میں غلط فہمیاں پھیل رہی ہیں اور نوبت لڑائی جھگڑے تک پہنچ جارہی ہے۔