کورونا کے بڑھتے قہر پر قابو پانے کے لیے مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں تین درجن سے زائد ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہے، ٹیم لوگوں کے خدشات دور کرنے اور انہیں علاج پر آمادہ کرنے کے لیے آن لائن کونسلنگ کررہی ہے۔ یہ تمام سرگرمیاں مفت میں انجام دی جارہی ہیں۔
کورونا وبا اورنگ آباد میں بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس وبا پر قابو پانے کے لیے اب ڈاکٹرز نے اپنی معمول کی سرگرمیوں کے ساتھ اس وبا سے نمٹنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، اسی مقصد سے شہر میں تیس سے زائد ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پر مشتمل آن لائن کونسلنگ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
![اورنگ آباد میں مفت آن لائن کونسلینگ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/mh-aur-01-dronlinecounciling-pkg-7204819_13072020100655_1307f_1594615015_457.png)
الخدمت ٹیم کے نام سے قائم یہ کونسلنگ سینٹر پچھلے ایک ہفتے سے لوگوں کو صلاح و مشورے دینے میں مصروف ہے۔ سینٹر کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اس سینٹر پر یومیہ بیس سے پچیس کال موصول ہورہی ہیں، جن میں حیدرآباد اور بنگلورو سے بھی کال آ رہے ہیں۔
![اورنگ آباد میں مفت آن لائن کونسلینگ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/mh-aur-01-dronlinecounciling-pkg-7204819_13072020100655_1307f_1594615015_175.png)
اس کونسلنگ سینٹر پر آٹھ سے دس کال اٹینڈرس کی ٹیم ہر وقت رہتی ہے۔ اس کے علاوہ ماہر ڈاکٹرز بھی مریضوں کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن بڑے پیمانے پر پھیلتی اس وبا کے سبب ایسے مزید مراکز کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔