دہلی کے حلقۂ اسمبلی اوکھلا کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ ممبرا میں عام آدمی پارٹی کی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت، ممبرا کی سیاست میں اور ممبرا کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ علاقہ این سی پی کے رکن اسمبلی جتیندر اہواڑ کی جھولی میں برسوں تک رہا لیکن محض ایک ہفتے کے اندر یہاں عام آدمی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر التمش فیضی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امانت اللہ خان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ' ہماری لڑائی شیوسینا سے ہے این سی پی کا یہاں وجود ہی نہیں ہے لیکن یہاں لوگ کھل کر سامنے نہیں آرہے ہیں لیکن ہمیں یہاں کی عوام کا تعاون حاصل ہے۔
واضح رہے کہ ممبرا اسمبلی حلقے میں ایم آئی ایم کے امیدوار نے حیران کن طور پر اپنا پرچۂ نامزدگی واپس لے لیا تھا جس کے بعد یہاں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
امانت اللہ خان نے بتایا کہ ممبرا میں 50 فیصد مسلم ووٹرز ہیں لیکن اس حلقہ سے کبھی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوا ہے۔ اس لیے اب یہاں کے لوگ اپنا امیدوار جتانا چاہتے ہیں۔
خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ' ممبرا کے لوگ این سی پی کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ سے کافی پریشان اور ناراض ہیں کیونکہ یہاں کے لوگوں کے مسائل حل نہیں کیے گئے ہیں۔