ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج صبح ممبئی میں سابق وزیر کابینہ آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی اور ٹھاکرے گروپ کی شیو سینا کے سکریٹری سورج چوان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ یہ چھاپہ ماری کورونا کے دوران لائف لائن سروسز کمپنی کے ذریعے ہونے والی بدعنوانیوں کو لیکر مارا گیا۔ چیمبور میں سورج چوان کی رہائش گاہ پر بھی چھاپے مارے گئے۔ سورج چوان چیمبور کی ایک عمارت میں 11ویں منزل پر رہتے ہیں۔ صبح 8.30 بجے سے ای ڈی کی ٹیم سورج چوان کے گھر میں داخل ہوئی۔ جانکاری کے مطابق پانچ افسروں کی ٹیم چوان کے گھر پر چھان بین کر رہی ہے۔ لائف لائن اسپتال مینجمنٹ سروسز کمپنی پر کورونا کے دور میں مالی بدعنوانیوں کا الزام ہے۔
بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے الزام لگایا تھا کہ کووڈ سینٹرز اور طبی آلات کی خریداری کے معاہدوں میں گھپلہ ہوا ہے۔ ای ڈی آج اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے رجسٹرڈ افسر سنجیو جیسوال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔ ای ڈی نے ممبئی شہر میں تقریباً 16 مقامات پر کارروائی شروع کی ہے۔ ای ڈی نے سوجیت پاٹکر کے گھر اور دفتر پر بھی چھاپہ مارا ہے، جو ادھو ٹھاکرے دھڑے کے ایم پی سنجے راوت کے بہت قریبی ہیں۔ دراصل لائف لائن ہاسپٹل مینجمنٹ سروسز کمپنی سوجیت پاٹکر کی ہے۔ اس کمپنی کو کورونا کے دور میں طبی خدمات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ لیکن کریٹ سومیا نے الزام لگایا تھا کہ اس کمپنی نے گھوٹالہ کیا ہے ای ڈی اب اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے کورونا گھوٹالہ معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے۔
اسی وقت ادھو ٹھاکرے نے منگل کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ یکم جولائی کو بی ایم سی کے خلاف مارچ نکالیں گے۔ ای ڈی نے بدھ کو ادھو ٹھاکرے کے بیان کے بعد یہ کارروائی کی ہے۔ ایسے میں سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا یہ کارروائی سیاسی دشمنی کی وجہ سے کی گئی ہے؟ اس وقت مہاراشٹر میں ادھو اور شندے کے گروپ کے درمیان جنگ جاری ہے۔ تاہم ادھو گروپ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈر نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔ اس لیے وہ جتنی بھی چھان بین کر لیں انہیں کچھ نہیں ملے گا۔ سورج چوان کے گھر کے قریب جمع ہوئے شیوسینکوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر اس مصیبت سے بچ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: