ریاست مہارشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ماہم پولیس تھانے نے ایک متاثرہ کی شکایت پر ماہم درگاہ کے ٹرسٹی ڈاکٹر مدثر لامبے کے خلاف ریپ کیس درج کیا ہے۔
واضح رہے کہ لامبے کے خلاف ایک مقامی خاتون نے شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کی اور تعزیرات ہند کی دفعہ 376، 328 اور 506 کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے حالانکہ ابھی تک لامبے کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لامبے وقف بورڈ کے رکن بھی ہیں اور ماہم درگاہ کے ٹرسٹیان میں سے ایک ہیں، متاثرہ خاتون نے 25 دن پہلے سات دسمبر کو ماہم تھانہ میں تحریری شکایت کی تھی، جس کے بعد پولیس نے کافی چھان بین کے بعد ڈاکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔
ڈاکٹر لامبے کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ماہم درگاہ ٹرسٹ کے مینیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بھی بیان جاری کیا ہے۔
سہیل کھنڈوانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ماہم درگاہ ٹرسٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں انسانیت کا درس دیا جاتا ہے۔
ماہم درگاہ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹی جلد ہی ڈاکٹر لامبے کے خلاف درج ایف آئی آر کے حوالے سے ایک میٹنگ کریں گے جس میں یہ فیصلہ لیا جاسکتا ہے کہ لامبے کو درگاہ ٹرسٹ کمیٹی میں رکھا جائے یا باہر کا راستہ دکھایا جائے۔