ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں رکن پارلیمنٹ اور شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو لیکر پارٹی کو کیسے مضبوط کیا جائے؟، ہم نے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی کا دورہ کیا، ہم عوام کے پاس جائیں گے، اُنہیں آنے والے انتخابات سے آگاہ کریں گے، ان کے مسائل کیا ہیں، ہم اس پر غور کریں گے۔
اپنی بات چیت میں اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اپوزیشن کی جو میٹنگ ہے، وہ آنے والے انتخابات کے لئے کافی اہم ہے، جس کی وجہ سے بی جے پی نے اپنی پوری قوت جھونک دی ہے۔ اُنہوں کے اپنی پوری کیبنیٹ میدان میں اُتار دی ہے۔ یہاں دیویندر فڈنویس سے لے کر اسمرتی ایرانی بھی اتر چکی ہیں۔ بی جے پی جانتی ہے کہ اگر اپوزیشن اتحاد کامیاب ہوگیا تو جیسے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بعد ہوا، تو بی جے پی کو دہلی کی سیاست یعنی مرکز سے جانا ہی پڑےگا۔
رکن پارلیمنٹ اور شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ حاجیوں سے زائد وصولے گئے، اُس کے بعد بھی اُنہیں وہ سہولتیں فراہم نہیں کی گئی، جس کے لئے اُن سے پیسے لیے گئے۔ جب پارلیمانی اجلاس شروع ہوگا تو میں ان باتوں کو پارلیمانی اجلاس میں رکھوں گا، اس بات کا میں وعدہ کرتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمرتی ایرانی حاجیوں کی کوئی ایک سہولیت کے بارے میں بتا دیں، بی جے پی صرف مسلمانوں کو پریشان کر رہی ہے۔