ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر سے قریبی ایک مضافاتی علاقہ ہے جہاں پر اینٹ بھٹے پرکام کرنے والے مزدوروں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے اور ساتھ ہی سرکاری امداد سے بھی یہ لوگ محروم ہیں۔
لاک ڈاؤن میں ضرورت مند لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے والے پیام انسانیت فورم کے لوگوں نے ان مزدوروں کی تکالیف و پریشانیاں دور کرنے کی کوشش کی ہے اور انہیں پندرہ دن کا راشن کِٹ بھی مہیا کرایا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران اورنگ آباد کے مضافات میں غریب و ضرورت مند لوگ جانور سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ اینٹ بھٹی پر کام کرنے والے مزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران بھٹی بند ہونے کے سبب ان کے چولھے بھی ٹھنڈے پڑے ہیں، پیام انسانیت فورم نے ایسے ہی مجبور و بے بے بس افراد کی امداد کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ رات کے اندھیرے میں جب پیام انسانیت کے رضاکار وہاں پہنچے تو اس بستی میں نہ بجلی کی سہولت تھی اور نہ ہی پانی کا نظم۔
علاقے میں رہنے والے لوگوں کے پاس لاک ڈاؤن کے پہلے دن سے نہ تو کوئی سرکاری امداد پہنچی اور نہ ہی کسی نے ان خیریت جاننے کی کوشش کی یہ لوگ اپنے بچوں کے ساتھ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلاتے اور دو وقت کے کھانے کا انتظام کرتے تھے۔
لیکن جیسے ہی پیام انسانیت فورم کو اس بستی کی جانکاری ملی تب فورم کے رضاکاروں نے ان علاقوں میں راشن کِٹ پہنچانے کا کام کیا۔