تفصیلات کے مطابق نئے سال کے موقع پر شیوسینا کی وڈالا شاخ کی جانب سے اردو زبان میں ایک 2021 کیلنڈر شائع کیا گیا ہے جو اب بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ شیوسینا کے ذریعہ شائع کردہ اردو کیلنڈر جمعرات کو ممبئی بی جے پی کے ٹویٹر ہینڈل پر جاری کیا گیا۔
اس کیلنڈر اور اس کے مندرجات پر بی جے پی نے شیوسینا پر سخت تنقید کی ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی اور ترجمان اتول بھٹکھلکر نے کہا کہ اس کیلنڈر میں چند مراٹھی الفاظ کے علاوہ باقی متن اردو اور انگریزی میں ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اس میں شیوسینا کے چیف بالاصاحب ٹھاکرے، جنہیں 'ہندو ہردے سمراٹ' کہا جاتا ہے انہیں انگریزی زبان میں'جناب بالا صاحب ٹھاکرے' لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے کو کیلنڈر میں 'صرف 'جناب بالا صاحب ٹھاکرے' لکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتل نے کچھ دیگر بنیادوں پر شیوسینا کو سخت نشانہ بناتے کہا کہ ابھی 'ایک مہینہ پہلے ہی شیوسینا نے اذان مقابلہ منعقد کرایا تھا، اب اس نے بالاصاحب کے نام کے ساتھ ہی 'ہندو ہردے سمراٹ' کے عنوان کو حذف کردیا ہے جبکہ اس کیلنڈر میں تاریخ، طلوع آفتاب، غروب آفتاب مسلم کیلنڈر کے مطابق دیے گئے ہیں۔
مہاراشٹر کے عظیم راجہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی سالگرہ کے دن پر صرف اور صرف 'شیواجی جینتی' کا ذکر کیا گیا ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔