ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل صنعتی شہربھیونڈی کے یشونت راؤچوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی ناسک کے زیرِ اہتمام رئیس ہائی اسکول و جونیئر کالج اسٹڈی سینٹر سے 2019 میں بی اے سال سوم کے امتحان میں کامیاب طلبا کو مارک شیٹ، پاسنگ سرٹیفکیٹ اور زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے دس طلبا کو انعامات تقسیم کرنے کی تقریب اردو بسیرا ہال میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر کے ایم ای سوسائٹی کے اعزازی جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصدق پٹیل،مہمانان اعزازی کے طور پر چیئر مین محمد شفیع مقری، روز نامہ انقلاب کے نائب مدیر ڈاکٹر قطب الدین شاہد،وائس پرنسپل عامر صدیقی،اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو نے رونق بخشی۔تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جس کی صدارت سابق پرنسپل رئیس ہائی اسکول ایند جونیئر کالج محمد حسن فارقی نے کی۔
افتتاحی کلمات اور مہمانوں کا تعارف اسٹڈی سینٹرکے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری نے پیش کیا۔
انہوں نے اسٹڈی سینٹر کی کارگزاریاں بھی مہمانوں کے گوش گزار کیں۔ بی۔اے۔ سال سوم امتحان میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج اسٹڈی سینٹر سے کل 223 طلبا امتحان میں شریک ہوئے تھے جن میں 175طلبا اول، 35طلبا دوم یعنی کل 210 طلبا کامیاب ہوئے.
اسٹڈی سینٹر کا مجموعی رزلٹ 94 فیصدی رہا، مومن شاہین فاروق کو 71 فیصد نمبرات کے ساتھ اول مقام، انصاری عظمیٰ ریاض احمد دوم مقام، خان سمرین لیاقت اور انصاری خنسہ عبدالرشید نے تیسرا مقام حاصل کیا۔
اس تقریب میں مہمانان کے دست مبارک سے ٹاپ ٹین طلبا کو انعامات تقسیم کیے گئے۔
جناب محمد حسن فاروقی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں بی۔اے۔ پاس طلبا کو دیکھ کر مجھے حیرت ہو رہی ہے، ہمارے بعد اندھیرا نہیں اجالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کی کوئی حد نہیں،ہم ماضی کو دیکھیں، مستقبل پر نظر رکھیں اور حال میں محنت کریں ان شاء اللہ کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔
ڈاکٹر مصدق پٹیل نے طلبا سے کہا کہ اُ نھیں ڈگری کے ساتھ ساتھ اپنی قابلیت و صلاحیت کو بڑھاتے ہوئے زمانے کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے کیونکہ زمانے میں ڈگری کی نہیں انسان کی قا بلیت اور صلاحیت کی قدر ہوتی ہے۔ تمام مہمانان نے اپنی تقریر میں طلبا کو مباکباد پیش کی اور مفید مشوروں سے نوازا۔ اس جلسہ کی نظامت معین الدین فلاحی نے بحسن خوبی انجام دی۔