مذکورہ خصوصی ٹرین کے لیے پولیس کی جانب سے منگل کو اعلان کے علاوہ بدھ کو صبح سے ہی مہاجرین کے رجسٹریشن اور میڈیکل جانچ وغیرہ کا کام بھیونڈی ایس ٹی ڈپو پرشروع ہو گیا تھا۔
خبر تھی کہ دیر شام اعظم گڑھ اور پرتاپ گڑھ کے لیے ایک ہزار 650 مسافروں کو لے کر خصوصی شرمک ٹرین روانہ ہوگی۔لیکن دوپہر ایک بجے کے بعد تک صرف ایک ہزار20 مسافروں کا ہی رجسٹریشن ہو پایا تھا۔لہذا 530 مسافروں کی کمی کے سبب یہ ٹرین بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن سے روانہ نہیں ہوسکی۔صبح سے اپنے آبائی وطن جانے کے لیے بے قرار مسافروں میں مایوسی پھیل گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو بتایا گیا کہ ٹرین کے متعلق خبر انہیں بعد میں دے دی جائے گی۔جس کے سبب ایس ٹی ڈپو پر بزرگ،خواتین اور بچوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس خصوصی ٹرین سے جانے والے مسافروں نے بتایا کہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ تقریباً چار بجے ٹرین روانہ ہوجائے گی۔وہ اپنا سب سامان پڑوسی کو دیکر صبح سات بجے سے یہاں ہیں۔لیکن شام کو انہیں بتایا گیا کہ ٹرین ردکردی گئی۔اب توان کے پاس رہنے کی بھی کوئی متبادل جگہ نہیں ہے۔