مالیگاؤں سینٹرل کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے موجودہ رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی ایک رکن اسمبلی ہونے کے علاوہ عالم دین بھی ہیں اور وہ جمعیت علماء مالیگاؤں کے شہری صدر بھی ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ایک عام ورکر کو فون لگا کر مبینہ طور پر دشنام طرازی کی ہے اور دھمکی آمیز جملے بھی کہے ہیں-
آصف شیخ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس ڈپارٹمنٹ سے اپیل کی ہے کہ مالیگاؤں پولیس انتظامیہ شہر کے موجودہ رکن اسمبلی مفتی اسماعیل کے خلاف گناہ درج کرے اور قانونی کارروائی کرے اور اگر پولیس ڈپارٹمنٹ نے دباؤ میں آکر کارروائی نہیں کی تو ہم مقامی کورٹ سے آرڈر لا کر قانونی کارروائی کروائیں گے ۔
مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے شہر کے سٹی پولیس اسٹیشن احاطہ میں ڈی وائے ایس پی کو مطالباتی مکتوب دینے کے بعد کہا کہ مفتی محمد اسماعیل کی ذہنیت کس معیار کی ہے یہ اس آڈیو کلپ سے ظاہر ہوگئی ہے-
شیخ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعت کے کارکن عامر ملک کو ماں پر گالی دی جس کی سزا عامر ملک کو مل گئی ہے اور وہ کورٹ سے ضمانت پر رہا ہوگیا ہے ایک بچے سے غلطی ہوگئی اور اس غلطی میں مفتی اسماعیل کا نام بھی نہیں لکھا ہے پھر بھی انہوں نے ماں پر سے گالی اور دھمکی دی اس ضمن میں پولیس کو مفتی اسماعیل پر قانونی کارروائی کرنا چاہیے کیونکہ عامر ملک کی جان کو خطرہ ہے۔ شیخ آصف نے کہا کہ مفتی اسماعیل کے ماننے والے واٹس ایپ گروپوں میں ہمارے خلاف لکھا جاتا ہے ہماری ذاتیات پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے ہم نے ایسے تمام گروپ میں لکھنے والوں کی اسکرین شارٹ نکال کر آج پولیس کو پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان پر بھی کارروائی کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مفتی اسماعیل کی یہ بوکھلاہٹ ہے کہ وہ 16 مہینوں سے ناکام ہوگئے ہیں انہیں کام کرنا نہیں آتا ۔آج شہر ان سے پوچھ رہا ہے کہ شہر میں تعمیری کام کیوں نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے مفتی اسماعیل کی ناکامی کے چرچے عام ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم مفتی اسماعیل کی ناکامی پر اخبارات اور سوشل میڈیا پر لکھیں گے اور انہیں نیند سے بیدار کریں گے کہ وہ کام کریں لیکن وہ عوام کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ ہم قطعی برداشت نہیں کریں گے ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں۔اسی موقع پر مالیگاؤں کارپوریشن کی میئر و کانگریس خاتون ونگ کے صدر طاہرہ شیخ نے ڈی وائے ایس پی لتا میڈم سے ملاقات کی اور کہا کہ رکن اسمبلی مفتی اسماعیل کی اس نازیبا حرکت کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر ضمانت پر رہا ہوئے عامر ملک نے کہا کہ میں نے مالیگاؤں انڈین واٹس ایپ گروپ میں جو لکھا اس میں کسی کا نام نہیں ہے اور نہ ہی میں نے مالیگاؤں کا رکن اسمبلی لکھا پھر بھی مفتی اسماعیل نے دشنام طرازی کی اور دیکھ لینے کی دھمکی دی ۔
عامر ملک نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے اگر مجھ کو کچھ ہوتا ہے یا مفتی اسماعیل کے ورکر کچھ کرتے ہیں تو اس کی ذمہ داری مفتی اسماعیل پر ہوگی ۔