ممبئی سے متصل تھانے اور ممبرا میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)نے دو مختلف محکمات میں چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے تین افسران کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے، ان میں خاتون افسر اور ممبرا میں واٹر سپلائی کا انجینئر شامل ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق شہر تھانے کے ورتک نگر پربھاگ سمیتی میں پہلی کاروائی ہوئی، جہاں شکایت کنندہ سے یہاں کی ایک اعلیٰ افسر ایس اے گویکر (45) جو سینئر تفتیشی آفیسر شیڈول ٹرائب سرٹیفکیٹ انویسٹی گیشن کمیٹی کوکن بھون پر الزام ہے کہ انہوں نے سرٹیفکٹ بنانے کے لیے 90 ہزار روپیہ کا مطالبہ کیا اور وہ رقم لینے کی جگہ و موقع پر ہونے کے بعد اینٹی کرپشن کے افسران نے چھاپہ مار کر رنگے ہاتھوں اس خاتون افسر اور اس کے ساتھ امیت پردیپ مورے (38) کو گرفتار کر لیا۔
اسی طرح ممبرا کے واٹر سپلائی دفتر کے جونیئر انجینئر سنجے واگھولے (44) نے لیبر کنٹریکٹر کا کام مکمل ہونے کے بعد اس کا بل منظور کرنے کے عوض میں شکایت کنندہ سے 1 لاکھ 25 ہزار روپیہ کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر شکایت کنندہ نے اس بات کی شکایت تھانے اینٹی کرپشن بیورو میں کر دی، جس پر اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے ممبرا واٹر سپلائی دفتر میں جال بچھا کر رقم لیتے ہی واگھولے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ان تینوں ملزمین کے خلاف گرفتاری کے بعد مقامی پولیس تھانہ میں مقدمہ درج ہوا ہے۔