توقع کی جارہی ہے کہ این سی پی، کانگریس اور شیو سینا آج اراکین اسمبلی کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کرے گی کیونکہ این سی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اجیت پوار کے علاوہ اس کے تمام ایم ایل اے پارٹی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے سماعت کے دوران بار بار کہا تھا کہ اجیت پوار کے پاس مطلوبہ تعداد میں ایم ایل اے نہیں ہے، جو وہ بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے اب اپنے چار لاپتہ اراکین ممبئی واپس لانے کے بعد 53 ایم ایل اے کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جو اراکین اسمبلی واپس آئے ہیں ان میں انل پاٹل، باباصاحب پاٹل، دولت دروڑہ اور نارہری زرور ہیں۔
پمپری چنچواڑ سے تعلق رکھنے والی ایک اور ایم ایل اے انا بنسوڈ کا پونے میں ان کے اہل خانہ نے پتہ لگا لیا ہے اور این سی پی نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی ان میں شامل ہوجائیں گے۔
گذشتہ روز مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے بعد شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے مشترکہ طور پر دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کی حلف برداری کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔
سپریم کورٹ نے دلائل کی سماعت کے بعد تمام فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا اور آج صبح تک بی جے پی کو حمایت کا خط پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس معاملے کی سماعت آج صبح ساڑھے دس بجے کی جائے گی۔