اورنگ آباد کی سڑکوں کی خستہ حالت پر عوامی نمائندوں کے احتجاج کے بعد میونسپل کارپوریشن کے ایڈ منسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے بائیک سے شہر کی مسلم اور دلت بستیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پانڈے نے میڈیا سے فاصلہ بنائے رکھا اور عام لوگوں سے ملاقاتیں کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے ایم آئی ایم نے گزشتہ اس سلسلے میں شہریان کے بنیادی مسائل پر احتجاج درج کروایا تھا۔
میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے کے اس دعوے کے بعد کہ شہر کی سڑکوں کو توسیع کی گئی ہے۔ ایم آئی ایم نے آئینہ دکھاتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے روبرو پوسٹر احتجاج کیا تھا، اس احتجاج میں تصویروں کے ذریعے شہریان کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا، مجلس کے کارکنوں نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر پانڈے پر من مانی کا بھی الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ عوامی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے شہریان کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔
ایم آئی ایم کے اس احتجاج کا اثر یہ ہوا کہ میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے بائیک پر سوار ہوکر دمڑی محل سے لیکر روشن گیٹ، باردوگر نالہ و اطراف کی مسلم و دلت بستیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم آئی ایم لیڈران بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ پانڈے نے کچھ علاقوں میں عام لوگوں سے مل کر حالات کا جائزہ لیا۔ ایم آئی ایم نے ایڈمنسٹریٹر کے اس اقدام کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ شہریان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔
- مزید پڑھیں: اورنگ آباد میں خاتون نے شوہر کی گرل فرینڈ کی پٹائی کردی، ویڈیو وائرل
- ہیلی کاپٹر بنانے والے نوجوان کی ٹرائل کے دوران موت
ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے بائیک پر شہر کی سڑکوں اور بستیوں کا جائزہ تو لیا لیکن کارپوریشن انتظامیہ ان مسائل کو کب تک حل کر پائے گا اس تعلق سے انھوں نے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی، اس کے باوجود میونسپل کمشنر کے اس دورے سے امید ظاہر کی جارہی ہے کہ عوام کو کسی حد تک راحت ملے گی۔