ممبئی سے رکن اسمبلی اور ایس پی رہنما ابو عاصم اعظمی نے فلسطینیوں اور مسجد اقصیٰ پر فائرنگ کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی شدت پسندوں کو فلسطینیوں نے ہی پناہ دی تھی جب انہیں کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں تھی۔ وہ بے سروسامانی کی زندگی بسر کر رہے تھے تب فلسطین نے ہی انہیں سہارا دیا تھا، کیا وہ بھول گئے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسند اور عسکریت پسند اسرائیلیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر فائرنگ کرنا ناقابل برداشت ہے، نہتے نمازیوں کو نماز کی حالت میں شہید کرنے کی اسرائیلی شدت پسندوں کی اس حرکت کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ قبلہ اول مسلمانوں کے جذبات کا حصہ ہے اور کوئی بھی مسلمان قبلہ اول سے دستبردار نہیں ہوگا اور اپنے خون کے آخری قطرہ تک فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دے گا کیونکہ مسلمان کبھی بھی مسجد اقصی پر قبضہ برداشت نہیں کرے گا۔
اسرائیلی کی غنڈہ گردی اور عسکریت پسندی ناقابل برداشت اور ناقابل معافی ہے اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر اسے منہ توڑ جواب دے۔
ابو عاصم اعظمی نے مسلم طاقتوں اور مسلم ممالک کو اس مسئلہ پر سر جوڑ کر بیٹھنے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ اسرائیل کی فلسطینیوں پر بربریت سے مسلمانوں میں غم وغصہ ہے۔ یہ دہشت گردی ہے جو اسرائیلیوں نے فلسطینیوں پر کی ہے۔ اب اقوام متحدہ اور دیگر ممالک خاموش کیوں ہیں اس پر خاموشی توڑ کر لب کشائی ہی نہیں بلکہ حکمت عملی تیار کر نے کی ضرورت ہے۔