سپریم کورٹ نے ممبئی کے آرے کالونی میں درختوں کی کٹائی کے معاملے میں نوٹس لیا ہے اور آج ایک خاص بینچ معاملہ کی شنوائی کرے گی۔
عدالت نے قانون کے طلباء کی طرف سے درختوں کے کاٹے جانے کی مخالفت میں لکھے گئے خط کو مفاد عامہ کی عرضی ’پبلک انٹریشٹ لیٹیگیشن’ قرار دیتے ہوئے سماعت کی بات کہی ہے۔
خیال رہے کہ ممبئی میٹرو کار شیڈ کی تعمیر کے لیے کالونی میں 2600 سے زائد درختوں کی کٹائی کے خلاف معاملہ کی سماعت کے لیے ایک خاص بینچ کی تشکیل دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے شہر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج دشہرے کے لیے 7 سے 12 اکتوبر تک تعطیل پر ہیں۔ لیکن معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اس پر سماعت کی جانے والی ہے۔
عدالت عظمی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 6 اکتوبر 2019 کو خط کی بنیاد پر 7 اکتوبر 2019 کو صبح 10 بجے ایک خاص بینچ کی تشکیل کی گئی ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں درخت کاٹے جا چکے ہیں اور سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی پوری ہونے تک علاقے میں دفعہ 144 لاگو رہے گا۔