ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ان دنوں اچھی بارش کی وجہ سے بہت سارے علاقے سرسبز و شاداب ہوگئے ہیں اور لوگ پہاڑی علاقوں میں سیر و تفریح کے لیے جا رہے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد پولیس بھی پہاڑی علاقوں کے قریب گشت کر رہی ہے لیکن بارش کے دوران بہت سارے لوگ پہاڑی علاقوں میں پانی سے لبالب گڑھے یہ چھوٹے بڑے تالاب میں نہانے کے لئے اُتر رہے ہیں۔
بہت سارے لوگوں کو یہ بھی خبر نہیں رہتی ہے کہ ان تالابوں کی گہرائی کتنی ہوگی اور وہ بلا تامل تالاب میں کود جاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ اورنگ آباد سے قریب کچّی گھاٹی علاقے میں پیش آیا جہاں اورنگ آباد شہر کے تین نوجوان دوست گھومنے گئے تھے، جس میں سے ایک دوست تیرنے کے لئے تالاب میں اُتر گیا لیکن گڑھے کی گہرائی اتنی تھی کے وہ پانی کے گڑھے میں ڈوب گیا جس کے بعد اس کے ساتھیوں نے لوگوں کو مدد کے لئے بلایا اس سے پہلے لوگ آتے وہ پانی میں ڈوب کر فوت ہو گیا۔
حادثے کے بعد اورنگ آباد چکل تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور پنچ نامہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والا نوجوان اورنگ آباد کے روشن گیٹ علاقے کا ہے جس کی عمر 25 سال تھی اور وہ اپنے تین دوستوں کے ساتھ گھومنے آیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ بہت سے لوگ گذشتہ ایک مہینے سے گھومنے کے لیے آرہے ہیں اور متعدد نوجوانوں کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہوئی ہے۔