بی ایم سی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملاڈ ویسٹ میں واقع مالونی گیٹ نمبر 5،پلاٹ نمبر 8 بی ، نزدنوری مسجد کے پاس ایک تین منزلہ عمارت زبردست بارش کی وجہ سے منہدم ہوگئی جس کی زد میں آنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ہلاک شدگان کے نام فیصل واحد سید(18)، انجم شہاب الدین شیخ ہیں۔
جبکہ 13 زخمیوں کو ملاڈ ایسٹ کے حیات پرائیوٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ۔
عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ عمارت پہلے سے مخدوش تھی منہدم ہونے سے پہلے سیمنٹ اور ریت کے ذرات زمین پر کافی تعداد میں دکھائی دیے اچانک ہی عمارت کا اہم ستون ڈگمگایا اور زمین بوس ہوگیا۔ جس کی وجہ سے پوری عمارت تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی جس وقت عمارت منہدم ہوئی اس وقت عمارت کے مکین لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گھروں میں قید تھے ۔عمارت کے ایک رہائشی کے مطابق اسے ایسا محسوس ہوا گویا زلزلہ آیا ہے ، اچانک عمارت یکبارگی گر گئی جس کی وجہ سے ہم لوگوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
بتایا جاتا ہے کہ عمارت کے گرنے کی وجہ سے اس عمارت کے مکین بے سروسامانی کی حالت میں سڑکوں پر نظر آئے کچھ مکین اپنے اپنے گھر والوں کو عمارت کے ملبے میں تلاش کرتے نظر آئے۔جائے وقوع پر محکمہ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں،ایک امدادی گاڑی اور ایمبولنس اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
عمارت منہدم ہونے کی خبر جس وقت ممبئی کے نگراں وزیر اور مقامی رکن اسمبلی اسلم شیخ کو ملی انہوں نے فوراً ہی جائے حادثے کا دورہ کیا۔حادثے کے شکار لوگوں کی دادرسی کی۔ ساتھ ہی راحتی کام کرنے والے نوجوان اور سرکاری عملہ کو مختلف ہدایات دی۔