ریاست مہاراشٹر کے شہر بھیونڈی کے کلیان روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور اور انجور پھاٹا سے باغ فردوس مسجد تک کنکریٹ سڑک کی سست روی سے کی جارہی تعمیر کے سبب ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہے۔
ماہ صیام کے سبب اس مسلم اکثریتی شہر میں صبح سے لیکر شام تک ٹریفک نظام متاثر رہتا ہے۔ جس کے سبب روزے دار اور مارکیٹ جانے والی خواتین کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں ٹریفک کے سبب کرنا پڑرہا ہے۔
واضح ہو کہ ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے انجور پھاٹا سے لیکر باغ فردوس مسجد تک تعمیر ہونے والے کنکریٹ کی سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہے تاہم تقریباً دو برس گزر جانے کے بعد بھی ابھی تک زیر تعمیر سڑک مکمل نہیں کی جاسکی ہے۔
تعمیر کا کام انتہائی سست ہونے اور بنا کسی منصوبہ بندی کے کیے جانے سے ٹریفک جام لگا رہتا ہے۔
ناقص حفاظتی انتظام کے اور زیر تعمیر سڑک کی وجہ سے دھامنکر ناکا سے انجورپھاٹا تک گزشتہ چند ماہ میں درجنوں سڑک حادثات ہوچکے ہیں۔ حال ہی میں سڑک حادثے میں مبینہ طور پر دو افراد کے ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب کلیان روڈ پر راجیو گاندھی چوک سے سائی بابا مندر تک بنائے جارہے فلائی اوور پل کا کام بھی کافی سست رفتاری سے ہونے کی وجہ سے پورے کلیان روڈپر ٹریفک جام رہتا ہے۔
ایم ایم آر ڈی اے کے زریعے کلیان روڈ پر گزشتہ دو سال سے آرسی سی سڑک بھی بنائی جا رہی ہے۔جس کے لیے اشوک نگر سے راجیوگادھی چوک تک کا راستہ ایک جانب بند کر دیا گیا ہے۔
تھانے اور کلیان جانے والے چھوٹے بڑے تمام گاڑیوں کو زکات ناکہ سے اشوک نگر کے اندر سے بھیجا جا رہا ہے۔ اشوک نگر میں ڈرینیج لائن اور سڑک کے کنارے بنائے جانے والے نالے کا کام نامکمل ہونے کی وجہ سے سڑک کی حالت ویسے ہی خراب تھی،اس پر تھانہ اور کلیان کی جانب جانے والی ٹریفک کو موڑ دینے سے اس سڑک کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔ جس کے سبب یہاں ٹریفک کا اژدہام رہتا ہے۔
چلچلاتی دھوپ اور سخت گرمی میں روزہ دار وں شہر میں ضروری کاموں سے آمدورفت کرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔