مہاراشٹر میں اردو زبان میں ترقی کے لیے، مراٹھی اور اردو زبان کے ادیبوں، شاعروں، مفکرین وغیرہ کے مابین تخلیقی نظریات کے تبادلہ کو فروغ دینے کے لیے ریاستی حکومت کوشاں ہے۔ ریاست میں اردو زبان کو فروغ دینے کے لئے 5 مقامات پر اردو گھر کی تعمیر ریاست حکومت کے اقلیتی محکمے نے انجام دی ہے۔
ناندیڑ میں اردو گھر کے لئے 8.16 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری دی گئی ہے۔ اب اس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی اس کا افتتاح کیا جائے گا۔
سولاپور میں اردو گھر کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور اب تک 6.82 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جاچکی ہے۔ وہیں، مالیگاؤں اردو گھر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
ممبئی میں ممبئی یونیورسٹی میں اردو گھر تعمیر کرنے کی تجویز ہے اور ممبئی یونیورسٹی کے ذریعہ اس سلسلے میں ایک تجویز حکومت کو پیش کی جائے گی۔
ناگپور میں اسلامک کلچرل سنٹر کی عمارت کو اردو گھر کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ مختص کی گئی ہے، یہ جانکاری ریاستی اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔
محکمہ ان اردو گھروں کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے اور انہیں اردو زبان کی ترقی کے لیے کھولنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان عمارتوں کے استعمال، دیکھ بھال، مرمت اور بحالی کے لیے بنیادی پالیسی حکومتی قرار داد کے ذریعہ طے کی گئی تھی۔ اب کچھ نئے امور کو شامل کیا گیا ہے اور تفصیلی قواعد جاری کر دیے گئے ہیں۔
ضلع کلکٹر کی زیرصدارت ایک ثقافتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور ان اردو ایوانوں میں ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے منصوبے کے لیے ڈپٹی کلکٹر کی سربراہی میں ایک ثقافتی کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔
اردو گھروں میں، ہر دن اور ہر برس مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ مختلف زبانوں میں کتابوں کی اشاعت وغیرہ کی جائیں گی۔
لائبریری میں اردو، مراٹھی اور ہندی زبان کے اخبارات، اردو زبان کے رسالے، کتابیں دستیاب ہوں گی۔ یہ تربیت نئی دہلی میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر انتظام مختلف تربیتی پروگراموں کی طرز پر اردو گھروں میں کی جائے گی۔
اس کے لئے کونسل سے گرانٹ اور رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ ملک نے کہا کہ کونسل کے زیرانتظام اردو گھروں میں غیر اردو بولنے والے طبقے کو اردو سکھانے کے لئے کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:
مالیگاؤں میں اردو کتاب میلے کا انعقاد
ملک نے کہا کہ اردو گھرانے اردو زبان کی ترقی کو فروغ دینے کے علاوہ مراٹھی اور اردو زبانوں کے مابین تبادلہ بڑھا کر ریاست میں ثقافتی تحریک کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی تمام اردو گھر مکمل ہوجائیں گے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔