مہاراشٹر کے مہاڈ رائے گڑھ اور سانگلی میں لینڈ سلائیڈنگ میں متعدد افراد کے ہلاک ہوئے ہیں۔ رائے گڑھ میں 85 افراد پھنس گئے تھے۔ ان میں سے 23 جولائی کی شام 5 بجے تک 44 لاشیں ملی تھیں اور تقریباً 40 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
موجے تلائے گاؤں کی مجموعی آبادی 241 ہے جن میں سے 109 افراد گاؤں سے باہر تھے۔ 41 افراد کو بازیاب کر لیا گیا۔ چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے میں 13 بیلوں اور 20 گایوں سمیت کل 33 جانوروں کی موت ہوگئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز، مقامی امدادی ٹیموں اور عام شہریوں کی مدد سے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔
وہیں، انتظامیہ اور پولیس کے اہلکاروں کی مدد سے پانچ لوگوں کی لاش برآمد کی ہے اور چھ دیگر زخمیوں کو بچایا گیا۔ زخمیوں کا علاج مانگاؤں سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں جاری ہے۔ تو وہیں، ستارواڑی کے پولاد پور میں بھی پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ مزید 16 افراد زخمی ہوئے، جب کہ 1 شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔
واضح رہے کہ رائے گڑھ کے سرپرست وزیر ادیتی تتکرے نے بتایا کہ مہاراشٹر حکومت نے مہاد میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لیے مرکزی حکومت اور فوج سے مدد طلب کی ہے۔
جمعرات کے روز مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ریاست کے رتناگری اور رائےگڑھ اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔
وزیر اعلی نے اہلکاروں کو چوکس رہنے پر زور دیا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری طور پر امدادی کاموں کو شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔