ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش کمار سنگھ نے بتایا کہ خاتون سے مارپیٹ کے معاملہ میں مونو سنگھ، ستیندر سنگھ، مینک اور منا کول کو کل گرفتار کیا گیا، جبکہ ببلو مشرا اور اورن سنگھ فرار ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو دو اکتوبر کو یہاں کے سنجے گاندھی میموریل ہسپتال میں بیہوشی کی حالت میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔
ایس پی مسٹر سنگھ نے بتایا کہ خاتون کا بیان لینے کی کوشش کی گئی، لیکن خاتون بیان دینے سے قاصر ہے، اس کے اہل خانہ کی رپورٹ پر خاتون تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے سر میں سنگین چوٹ ہے، جس کی بنیاد پر پولیس نے قتل کی کوشش سمیت دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے بیان کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ خاتون کو ہسپتال میں اس کے بھائی کے ذریعہ داخل کرایا گیا تھا، لیکن اہل خانہ کا الزام ہے کہ اسے ملزم ارون سنگھ لے کر آیا، جہاں داخل کرا کر وہ فرار ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔