ریاست مدھیہ پردیش میں عید میلاد النبی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران الگ الگ مقامات پر ناخوشگوار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ضلع جبلپور میں تھانہ کوتوالی علاقے کے گوہلپور میں ڈی جے بجانے کے معاملے پر کچھ شر پسندوں نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔
وہیں، جبلپور میں عید میلاد النبی کا جلوس شہر سے نکالا گیا تو کچھ شرپسندوں نے جلوس پر پتھراؤ کر دیا۔
جبلپور کلکٹر کرم ویر شرما کے مطابق ظہر کی نماز کے بعد جلوس نکالا جانا تھا۔ جلوس کے دوران کسی شر پسند نے پولیس پر پتھر پھینکے اور پٹاخے پھوڑ دیے، جس کے جواب میں پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی۔
وہیں، ضلع دھار کے ایس پی آدتیہ پرتاب سنگھ کے مطابق اس بار عید ملادالنبی کے لیے الگ سے راستہ طے کیا گیا تھا لیکن کچھ لوگوں نے ضد کی کہ وہ روایتی طریقے سے جس راستے سے جلوس نکالتے ہیں، اسی سے جائیں گے۔ ان لوگوں پر ہم سخت کاروائی کریں گے۔ وہاں پر لاٹھی چارج نہیں کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ساورکر کا معافی نامہ آج بھی ریکارڈ میں موجود: مؤرخ شیرین موسوی
انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کو قابو میں کرتے ہوئے ہم نے جلوس کو طے راستے کے مطابق نکالا۔ فی الحال دونوں شہروں میں صورتحال بہتر ہے۔