ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے سرکاری ہسپتال کے چائلڈ وارڈ میں آگ لگنے سے چار بچوں کی موت کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج متعلقہ حکام سے 'فائر سیفٹی آڈٹ' سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ چوہان نے ایک اہم میٹنگ میں اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے، اس لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور اس کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ تمام ہسپتالوں کا ضروری ہے۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود متعلقہ محکمے کے افسروں سے کہا کہ 'وہ گزشتہ رات کے واقعے سے متعلق فائر سیفٹی آڈٹ کی رپورٹ پیش کریں۔'
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'گزشتہ شب کے واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی وہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے متعلقہ حکام سے جانکاری حاصل کرتے رہے اور رات تک راحت رسانی کے کاموں سے متعلق ہدایات دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 'وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنا چاہتے تھے لیکن راحت وبچاؤ کارروائیاں متاثر نہ ہوں، اس لیے یہ ممکن نہیں ہوپایا۔'
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے مرنے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا دکھ ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود چار بچوں کو بچایا نہیں جا سکا۔ چوہان نے کہا کہ اگرچہ ہم بقیہ بچوں کو بچانے میں کامیاب رہے اور راحت رسانی کا کام بخوبی انجام دیا گیا۔'
یو این آئی