بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج چھتیس گڑھ کے رائے پور میں منعقدہ کانگریس کے قومی کنونشن کے اشتہارات پر تنقید کی۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ کانگریس نے قومی کنونشن کے لیے جو اشتہارات دیے، ان میں مہاتما گاندھی کی تصویر لگائی۔ مہاتما گاندھی نے کہا تھا کہ آزادی کے بعد کانگریس کو تحلیل کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر لگائی، جنہیں الیکشن میں ہرانے کا کام کانگریس نے کیا۔ نیتا جی سبھاش چندر بوس کی تصویر لگائی، جنہوں نے کانگریس چھوڑ دی تھی اور ملک کی آزادی کے لیے ایک با اثر راستے کا انتخاب کیا تھا۔ مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی تصویر لگائی، جنہیں کانگریس نے ہمیشہ نظر انداز کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس نے اپنے قومی کنونشن میں صرف سیاسی مفاد کے لئے جن تصاویر کا استعمال کیا ہے، اس کا انہیں کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی تصویر لگادی، جب کہ کانگریس نے ان کی آخری رسومات بھی ٹھیک سے ادا نہیں ہونے دی تھی۔ واضح رہے کہ چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں کانگریس کا 85 واں قومی کنونشن ختم ہو گیا ہے۔ اس تین روزہ کنونشن میں شرکت کے لیے کانگریس کے قومی سطح کے تمام بڑے چہرے رائے پور پہنچے تھے۔ اس سیشن کی کامیابی پر کانگریس کے سینئر لیڈروں نے چھتیس گڑھ کی بھوپیش حکومت اور تنظیم کی تعریف کی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو کانگریس کے 85ویں اجلاس کے آخری دن اپنی تقریر کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا سے متعلق اپنے تجربات شیئر کئے۔ اب کانگریس جلد ہی اروناچل پردیش سے لے کر گجرات کا سفر شروع کرنے جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Congress Convention عام انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت، پرینکا گاندھی
یو این آئی