بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں امسال اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کے مدنظر سبھی سیاسی پارٹیوں نے اپنی کمر کس لی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس پارٹی لگاتار ریاست میں دورے کرتے نظر آ رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے آج دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے متعدد لیڈر ان کے رابطے میں ہیں، لیکن کانگریس کی توجہ زمین اور عوام سے وابستگی کی وسیع بنیاد رکھنے والے لیڈروں پر ہے۔ کمل ناتھ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ریاست کے ہر ضلع سے بی جے پی کے لوگ کانگریس کے ساتھ رابطے میں ہیں، لیکن کانگریس کی توجہ ان لیڈروں پر ہے جن کی زمین اور عوام سے بڑے پیمانے پر وابستگی ہے۔ کانگریس سے وابستہ لیڈران عوام سے کبھی چھپ کر نہیں ملتے، کھلم کھلا ملنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل ہر قسم کے سروے میں بی جے پی اور اس کے ایم ایل اے کی حالت خراب ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی عوام کو گمراہ کرنے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے 'کانگریس فائلس' جیسے حربے اپنا رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ مدھیہ پردیش میں انتخابات ہونے میں صرف 6 ماہ رہ گئے ہیں، اب بی جے پی ہر طرح کے ڈرامے کرے گی، لیکن عوام ان سے گمراہ نہیں ہوں گے۔ چھندواڑہ کے تناظر میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اس علاقہ کے لیے کسی خاص حکمت عملی کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس کے ریاستی انچارج کی میٹنگ کے بارے میں کمل ناتھ نے کہا کہ وہ تمام اضلاع کے لیڈروں کو غور سے سنیں گے اور ان کی طرف سے دی گئی اہم تجاویز کے مطابق کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: MP Election 2023 دگ وجے سنگھ نے کانگریس رہنماؤں کو ہدایت دی
یو این آئی