عالمی شہرت یافتہ رامپور رضا لائبریری میں مختلف علوم و فنون کی ہزاروں مطبوعات ہیں۔ ساتھ ہی یہاں مقدس کتابیں بالخصوص قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخے بھی موجود ہیں۔ قرآن مجید رمضان المبارک میں نازل ہوا ہے اسی مناسبت سے رامپور رضا لائبریری میں ہر سال رمضان کے آخری عشرہ میں قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخوں کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج سے رامپور رضا لائبریری کے دربار حال میں قرآن نمائش کا آغاز کیا گیا۔ Rampurs Raza Library Organises Quran Exhibition
قرآن نمائش کا افتتاح معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر شعائر اللہ خاں نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شعائر اللہ خاں نے قرآن مجید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید نہ صرف اسلام کا آئین ہے بلکہ دنیا کے لئے ہدایت کا پیغام ہے۔ یہ ایک مکمل اور جامع کتاب ہے۔ جس میں سماجیات، معاشیات، عمرانیات، سیاسیات، حکایات اور نصیحتیں ہر چیز کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ ہر قوم کے لوگوں کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ برادران وطن تک قرآن مجید کی تعلیمات کو پہنچایا جائے۔
قرآن کی اس نمائش میں سے سب سے اہم کوفی خطاطی میں 7ویں صدی عیسوی میں حضرت علیؓ کے دست مبارک سے تحریر کردہ نادر و نایاب قران مجید کا نسخہ، کوفی خطاطی میں 8ویں صدی عیسوی میں امام ابو عبداللہ جعفر بن محمد بن علی کے ذریعہ تحریر کردہ نایاب قرآن مجید وغیرہ شامل ہیں۔ یہاں تقریباً 500 سے زائد قرآن کے قلمی نسخے موجود ہیں جس میں تقریباً 300 قرآن سونے کے پانی سے لکھے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی خط کوفی، خط نسخ، خط نستعلیق اور خط ریحان وغیرہ میں اسلامی خطاطی کی بھی نمائش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ قرآن نمائش 5 مئی تک جاری رہے گی۔