بھوپال: سینئر لیڈر راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ 20 نومبر کی شام مہاراشٹر کی سرحد سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع میں داخل ہوں گے۔ یہ یاترا تقریباً دو ہفتے تک اس ریاست میں رہے گی۔ ریاستی کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے صدر کے کے مشرا نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ راہل گاندھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے ساتھ 20 نومبر کی شام مہاراشٹر سرحد سے برہان پور ضلع میں داخل ہونے کے بعد رات میں قیام کریں گے۔ اگلے دن 21 نومبر یعنی پیر کو ان کا آرام کا دن ہے۔ اس کے بعد یاترا 22 نومبر سے برہان پور ضلع سے نکلے گی اور 27 نومبر کے قریب اندور پہنچے گی۔ Bharat Jodo Yatra in Maharashtra
مشرا نے بتایا کہ اس کے بعد یہ یاترا مغربی مدھیہ پردیش کے کچھ اضلاع سے گزرے گی اور 3 دسمبر کے قریب آگرمالوا ضلع کے سوسنیر سے ہوتی ہوئی راجستھان میں داخل ہوگی۔ ریاستی کانگریس تنظیم یاترا کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ مسٹر گاندھی کے دورہ میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والے سینکڑوں لوگوں کی رہائش اور کھانے پینے کے ساتھ ساتھ مسٹر گاندھی کی سیکورٹی وغیرہ کے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Kamal Nath On Mission 2023 کمل ناتھ نے مشن 2023 اور بھارت جوڑو یاترا کے تعلق سے ضلع انچارج کو ہدایات دیں
مدھیہ پردیش میں ٹھیک ایک سال بعد اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر ریاستی کانگریس تنظیم کی یہ کوشش ہے کہ یاترا ریاست کے مغربی حصے کے زیادہ سے زیادہ اسمبلی حلقوں سے گزرے۔
یو این آئی