بی جے پی رہنما وسیم رضوی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر کے قرآن مجید سے 26 آیتوں کو حذف کرنے کی مانگ کی ہے جس کے بعد پورے ملک میں اس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں وسیم رضوی کے خلاف سیاسی و سماجی تنظیمیں ضلع انتظامیہ کے دفتر پہنچے اور وسیم رضوی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کو میمورنڈم سونپ کر وسیم رضوی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس تعلق سے مفتی مالوہ نورالحق نے بتایا کہ 'جو باتیں وسیم رضوی نے قرآن مجید کے بارے کہی ہے وہ سراسر غلط ہے۔ اس کے علاوہ رضا اکیڈمی کے صدر زید پٹھان کا کہنا تھا کہ وسیم رضوی نے اس سے قبل بھی اسلام کے بارے میں ناقابل برداشت باتیں کہی تھیں اگر اس پر پہلے ہی کارروائی کی جاتی تو وہ آج اس طرح کی حرکت نہیں کرتا اس لیے وسیم رضوی پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔