تریپورہ تشدد معاملے کو لے کر ملک کے مختلف اضلاع میں انصاف کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ وہیں اس معاملے پر مدھیہ پردیش کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے جنرل سیکرٹری عبدالکریم نے کہا کہ تری پورہ میں جو کچھ بھی ہوا، اسے ملک ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر لوگ دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے ملک جہاں جمہوری نظام ہے، اس کے باوجود مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہاں تک کہ پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے۔ ہم میمورنڈم کے ذریعے صدر جمہوریہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسندوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور متاثر لوگوں کو انصاف دلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ملک کچھ تنظیموں کے ہاتھوں لاچار ہو گئی ہے یا یوں کہے کہ آئین کا انہیں کوئی ڈر نہیں ہے۔ ابھی بھی ایماندار طریقے سے کام کرنے والے لوگ موجود ہیں اور وقت رہتے اگر ہم نے دستور کے مطابق کارروائی نہیں کی تو پھر آنے والا وقت نازک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اورنگ آباد: تری پورہ میں جاری تشدد کے خلاف پی ایف آئی کا احتجاج
انہوں نے مزید کہا کہ تری پورہ میں جو واقعہ پیش آیا ہے، اس پر میڈیا خاموش ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے واقعہ منظر عام ہو رہا ہے۔ لیکن افسوس اس پر بھی پابندی لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔