مدھیہ پردیش میں اس سال عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے حکومت کی جانب سے تازہ گائیڈ لائن جاری کی گئی۔ اس موقع پر شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ضروری ہے۔ ایسے میں تمام مسلمانوں سے اپنے اپنے علاقوں کی مساجد میں ہی عید کی نماز ادا کرنے کی انہوں نے اپیل کی ہے۔
وہی ضلع انتظامیہ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی نماز کا وقت بھی طئے کیا گیا ہے، جس کے بعد تمام مساجد میں عید کی نماز صبح 6:10 بجے ادا کی جائے گی۔
شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی نے عید کی نماز کے فوری بعد قربانی کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عید کے موقع پر صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے اور گندگی کو پھیلنے سے روکنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عید کے موقع پر کورونا وبا کے خاتمہ کےلیے دعا کرنے کی اپیل کی۔ شہر قاضی نے کہا کہ کورونا وبا اور لاک ڈاون کی وجہ سے غریب لوگ کافی پریشان ہیں، عید کے موقع پر ایسے لوگوں کی بھرپور مدد کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے گوشت کو تین حصوں میں تقسیم کیا جانا چاہئے، ایک گھر کےلیے، دوسرا رشتہ داروں اور تیسرا غربا میں تقسیم کےلیے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے حکومت کی جانب سے نافذ گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں: مسجد الاقصیٰ میں عید کی نماز ادا کی گئی
بھوپال کلکٹر اویناش لاوانیا نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی نماز کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے ادا کی جائے گی۔ نماز کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔