مدھیہ پردیش کے ضلع الور میں کرشی اوپج منڈی سمیتی میں زرعی قوانین کے خلاف جاری احتجاج کے مقام پر ایک انوکھا منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب یہاں ایک لڑکی اپنی شادی کے لیے بارات لے کر پہنچی۔
کسان تحریک میں شامل کسان رہنما رامجیت سنگھ نے احتجاج کی جگہ پر اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس شادی کی تقریب میں لڑکی خود بارات لے کر احتجاج کے مقام پر پہنچی، جہاں دونوں نے ایک دوسرے کو ہار پہنایا اور آگ کے بجائے ساویتری بائی پھولے اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو بطور گواہ بنا کر ان کی تصاویر کے گرد سات پھیرے لے کر شادی کو انجام دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ رامجیت سنگھ کے بیٹے سچن سنگھ اور وشنو دت سنگھ کی بیٹی آسمہ سنگھ ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے اور خاندان کی رضامندی سے دونوں نے زراعی قانون کی مخالفت کرتے ہوئے ایک انوکھی شادی کی۔
اس تقریب میں دلہن خود بارات لے کر احتجاج کی جگہ پر پہنچی اور ترنگا اور بھارتی آئین کو ساتھ میں رکھ کر دونوں نے ایک دوسرے کو مالا پہنایا۔ بعد ازاں آگ کے دیوتا کی جگہ ساوتری بائی پھولے اور ڈاکٹر امبیڈکر کو گواہ مان کر شادی کے پھیرے لیے۔
اس موقع پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں شامل کسانوں نے دلہا اور دلہن کو مبارک آباد پیش کی۔
رامجیت سنگھ کے مطابق وہ زرعی قوانین کی مخالفت کے دوران اپنے گھر واپس نہیں جائیں گے اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب احتجاج کے مقام پر منعقد کرکے حکومت کو اپنا پیغام بھیجا ہے کہ جب تک زرعی قوانین واپس نہیں لیا جائے گا کسان گھر واپس نہیں جائیں گے۔ ان کا گھر یہ احتجاجی مقام ہے اور یہیں تمام رسومات ادا کی جائیں گی۔