مدھیہ پردیش کے ضلع نیمچ کے سنگولی تھانہ علاقہ میں ایک شخص کو گاڑی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹنے اور اس پر وحشیانہ طریقے سے مارپیٹ کی وجہ سے موت کے معاملے کے کلیدی ملزم مہیندر گجرکاغیرقانونی طریقے سے بنا مکان انتظامیہ نے مسمارکر دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ دیگر ملزمان کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ سنگولی میں جے سی بی مشینوں کی مدد سے مہندر گجر کے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ مکان کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مفرور ملزمان امرچند گجر اور ستیہ نارائن گجر کے غیر قانونی طور پر بنائے گئے مکانات کو بھی مسمار کردیا گیا ہے۔بقیہ ملزمان گوپال گجر، چھیتر گجر اور لکشمن گجر کے غیر قانونی گھروں کو بھی انتظامیہ نے پولیس کی موجودگی میں مسمار کر دیا۔اس معاملے میں اب تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج کمار ورما نے بتایا کہ کنہیا لال (45) رہائشی بندہ رتن گڑھ ، کی موت کے سلسلے میں پولیس نے اہم ملزم چھیتر گجر اور پانچ دیگر کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں کم از کم آٹھ افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزموں نے چوری اور لوٹ کے شبہ میں نوجوان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا، جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔
یو این آئی