پرتھوی پور کے سیتپورا گاؤں میں پانچ سالہ پرہلاد اچانک کھیلتے کھیلتے بورویل میں گرگیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی انتظامیہ عملہ پرہلاد کو بحفاظت باہر نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اطلاع کے مطابق بچہ تقریبا 200 فٹ گہرے گڈھے میں پھنس گیا ہے جس کے فوری بعد بچاؤ کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ جے سی بی مشینوں کی مدد سے ایک طرف سے مٹی کھود کر ہٹائی جارہی ہے اور سرنگ بنا کر بچاؤ کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بورویل میں آکسیجن پائپ بھی ڈالا گیا ہے تاکہ بچے کو سانس لینے میں تکلیف نہ ہو۔
وہیں کیمرے کی مدد سے پرہلاد کو دیکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس میں پرہلاد الٹا نظر آرہا ہے۔ وہیں موقع پر پہنچی ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے پرہلاد کے چاچا سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بورویل میں کیمرہ ڈال کر بچے کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، جس میں پرہلاد الٹا نظر آرہا ہے۔
وہیں موقع پر موجود اعلی افسران کے مطابق پرہلاد کے رونے کی رک رک کر آواز آرہی ہے۔ پرہلاد کو لگاتار آکسیجن سپلائی کی جارہی ہے۔ جے سی بی مشینوں کی مدد سے تقریبا 30 فٹ تک کھدائی کی جاچکی ہے۔اس کے ساتھ ہی اطلاع ملی ہے کہ کلکٹر آشیش بھارگو، ایس پی واہنی سنگھ بھی موقع پر پہنچے ہیں۔ اس بچاؤ کے لیے فوج کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ فوج کی طرف سے کرنل اے کے گوتم موقع پر موجود ہیں۔
اس معاملے پر مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج نے بھی ٹویٹ کرکے پرہلاد کو بچانے کی دعا کی ہے۔ وزیراعلی نے ٹویٹ کر کے لکھا ہے کہ سیتپورا گاؤں میں بورویل میں گرے معصوم پرہلاد کو بچانے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ فوج بھی ریسیکو آپریشن میں مصروف ہے۔ مجھے امید ہے کہ جلد ہی پرہلاد کو بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا۔ خدا بچے کو سلامت رکھے، آپ اور ہم سب مل کر دعا کریں۔
وہیں سابق وزیراعلی کمل ناتھ نے بھی پرہلاد کی سلامتی کے لیے دعا کی اور ٹویٹ کرتےہوئے لکھا کہ سیتپورا میں بورویل میں ایک معصوم بچے پرہلاد کے گرنے کی جانکاری ملی ہے۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ پرہلاد کو بچانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے۔ امید ہے کہ پرہلاد کو جلد ہی بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا۔ اس کی بحفاظت واپسی کے لیے ہم سب مل کر دعا کریں۔
وہیں موقع پر موجود ایس پی نے کہا کہ دو سے تین گھنٹوں کے اندر پرہلاد کو باہر نکال لیا جائے گا۔
سال 2006 میں پرنس کے گرنے کے بعد کئی ایسے معاملے سامنے آئے
- سب سے پہلے سال 2006 میں بھی اس طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں ہریانہ کے ہلداہیڑی گاؤں میں چار سال کا پرنس گہرے گڈھے میں جاگرا تھا۔پورے ملک میں پرنس کو بچانے کے لیے دعائیں کی جارہی تھی، واضح رہے کہ پرنس کو بچانے کے لیے ہریانہ حکومت کے ساتھ فوج نے بھی انتھک کوشش کی تھی۔لہذا 23 جولائی کو 50 گھنٹے کے بعد پرنس کو باحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔
- سال 2012 میں گڑگاؤں میں ایک پانچ سالہ بچہ سڑک کے کنارے بنے نالے میں گر گیا تھا، اس حادثہ مین اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔
- سال 2012 میں مہاراشٹر کے احمدنگر ضلع کے ایک گاؤں میں چار سال کا منوج بھی بورویل میں گر گیا تھا۔انتظامیہ کی مدد سے تین گھنٹے کے بعد اسے باحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔
- کچھ اسی طرح سال 2013 میں راجستھان کے کرولی ضلع کے کایلدا کالا گاؤں میں نو سال کا بچہ بورویل میں گر گیا تھا۔بچہ ماں کے ساتھ کھیت میں گھاس کاٹنے گیا تھا، جہاں وہ 150 فٹ گہرے گڈھے میں گر گیا تھا۔انتظامیہ نے بچے کو بچانے کی کوشش کی تھی، لیکن اسے بچایا نہیں جاسکا تھا۔
- سال 2015 میں بھی راجستھان میں 80 فٹ گہرے بورویل میں چار سال کا انیل گر گیا تھا۔انیل اپنے والد کے ساتھ کپاس کے کھیت میں جاتے وقت بورویل میں گر گیا تھا۔جسے ضلعی انتظامیہ کی کئی کوشش کے بعد بھی نہیں بچایا جاسکا تھا۔
- سال 2016 مین مدھیہ پردیش کے گوالیر میں دو سال کا معصوم 200 فٹ گہرائی والے بورویل میں گر گیا تھا۔معصوم کو بچانے کے لیے 15 گھنٹے تک ریسکیو آپریشن چلا تھا، لیکن اسے بچایا نہ جاسکاْ
- سال 2016 میں راجستھان میں سیکر کے ٹوڈابیرا میں کھلے بورویل میں ڈھائی سال کا بچہ گر گیا تھا۔جس بچایا نہیں جاسکا۔
- سال 2017 میں آندھراپردیش کے گنٹور ضلع میں کھلے پڑے بورویل میں دو سال کا ایک بچہ گر گیا تھا۔بچے کو این ڈی آر ایف اور دوسرے ٹیموں نے 10 گھنٹے کی شدید مشقت کے بعد باحفاظت باہر نکالا تھا۔
- اسی طرح سال 2017 میں اڈیشہ کے انگل ضلع میں تین سال کی ایک بچی بورویل میں گر گئی تھی۔جسے چھ گھنٹے تک جاری ریسیکو آپریشن کے بعد بچا لیا گیا تھا۔
- سال 2018 میں مدھیہ پردیش میں دیواس ضلع کے امریہ گاؤں میں بھی کھلے پڑے بورویل مین چار سال کا روش گر گیا تھا۔
- سال 2018 میں بہار کے منگیر میں 110 فٹ گہرے بورویل میں تین سال کی بچی گر گئی تھی، جسے بعد میں باحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔بچی گھر کے آنگن میں بنے بورویل میں گر گئی تھی۔
- سال 2019 میں پنجاب کے سنگرور ضلع میں دو سال کا بچہ 150 فٹ گہرے بورویل میں گر گیا تھا، جسے 109 گھنٹے بعد باحفاظت باہر نکالا گیا تھا۔
- سال 2019 میں تمل ناڈو کے ترو چیرا پلی ضلع میں واقع ناٹو کٹوپٹی میں 25 فٹ گہرے بورویل میں دو سال کا بچہ گر گیا تھا۔