بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کے مدنظر ریاست کے سبھی اضلاع میں سیاسی پارٹیاں اپنی طاقت دکھانے کے لیے پر زور محنت کر رہی ہیں۔ جہاں ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگرس اسمبلی انتخابات کے لیے محنت کر رہی ہیں تو وہیں ریاست میں عام آدمی پارٹی بھی اپنے وجود کو ثابت کرنے میں مصروف ہے۔
اسی سلسلے میں ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا میں عام آدمی پارٹی کا بڑا اجلاس منعقد ہوا جس میں دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروندر کیجری وال اور پنجاب کے وزیراعلی بھگونت سنگھ مان نے شرکت کی۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کئی اعلانات کیے۔
انہوں نے کہا اگر ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو عوام کو 24 گھنٹے بجلی وہ بھی مفت میں دی جائے گی اور سارے پرانے بل بھی معاف کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہم تعلیم کی گارنٹی دیتے ہیں جس میں ریاست کے سبھی گورنمنٹ اسکولوں کو شاندار بنائیں گے۔ غریبوں کے بچوں کو اچھی تعلیم دی جائے گی اور ریاست میں پرائیویٹ اسکول والوں نے جس طرح کی غنڈہ گردی مچایا رکھی ہے اسے ختم کر دیں گے، اساتذہ کی تقرری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہم صحت کو لے کر بھی بہت کام کریں گے جس میں ہر گاؤں میں محلہ کلینک کھولی جائے گی اور ہر ضلع کے اندر شاندار سرکاری اسپتال بنائے جائیں گے۔ مدھیہ پردیش کی ساری عوام کا علاج مفت کیا جائے گا جس میں چیک اپ دوائیاں سب مفت دی جائے گی، انہوں نے کہا ہم روزگار کی گارنٹی دیتے ہیں جس میں ہم ہر بے روزگار کے لیے روزگار کا انتظام کرنے کی کوشش کریں گے اور جب تک روزگار نہیں ملتا ہر بے روزگار کو تین ہزار روپے مہینہ بے روزگاری بھتہ دیا جائے گا۔
کیجری وال نے کہا ہم ریاست سے بدعنوانیوں کو ختم کریں گے جس میں عوام کو سرکاری دفاتر میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی دلالوں کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ نمبر جاری کیا جائے گا فون کریے اور محکمے کے لوگ آپ کے گھر آکر مفت میں کام کر کے جائیں گے۔ کیجری وال نے کہا اگر آپ ہمیں موقع دیں گے تو ہم ریاست کے بزرگوں کو ان کی پسند کی جگہ کی مذہبی یاترا کروائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مدھیہ پردیش کی پولیس یا پھر فوج کا جوان بارڈر پر شہید ہوتا ہے تو اس کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کی رقم مدد کی طور پر دی جائے گی اور جتنے بھی ملازمین جو ٹھیکے پر کام کرتے ہیں سب کو پکی نوکری اور ان کو ان کا حق دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:Five new Mahalla Clinics پانچ نئے محلہ کلینک دہلی کے لوگوں کے لیے وقف، کیجریوال
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلی بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ اکثر ہمارے وزیراعظم نریندر مودی کہتے رہتے ہیں کہ ڈبل انجن کی سرکار، انہوں نے کہا انجن میں اگر دم ہو تو چلانے کے لیے ایک ہی انجن کافی ہوتا ہے۔ بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ اب ہمیں ڈبل انجن کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اروندر کیجری وال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں نئے انجن کی ضرورت ہے۔