مدھیہ پردیش کانگریس کے صدرکمل ناتھ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کو بتایا کہ وہ جانتے ہیں کہ آنے والے اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کا مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کارکردگیوں سے نہیں، ان کی تنظیم سے ہے۔ اس لیے انہوں نے گزشتہ چار ماہ تنظیم کو مضبوط کرنے میں صرف کیا۔
سابق وزیراعلی نے بتایا کہ ریاست میں ستائیس سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کو وہ ضمنی انتخابات نہیں مانتے ہیں۔ یہ عام انتخابات بھی نہیں ہے۔ یہ مدھیہ پردیش کا مستقل طے کرنے والے انتخابات ہوں گے، یہ مدھیہ پردیش کے لوگوں کو پیغام ہے انہیں ’پندرہ برس‘ اور ’پندرہ ماہ‘ کو دھیان میں رکھ کر اپنافیصلہ کرنا چاہئے۔
کمل ناتھ نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت نے ریاست میں ساڑھے چھبیس لاکھ کسانوں کا قرض معاف کیا ہے۔
انہوں نے ہاتھ میں پین ڈرائیو دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس میں سبھی کسانوں کے نام اور پتے بھی ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریاست کے افسران اور ملازمیں کو غیرجانبدار ہوکر کام کرنا چاہئے۔ ایک ایک چیز ریکارڈ میں آرہی ہے، ان سب کا حساب کتاب کیا جائے گا۔