بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے شمالی حلقہ کے کانگریس رہنما ناصر اسلام کی قیادت میں جن آندولن ریلی نکالی گئی۔ یہ جن آندولن ریلی شمالی اسمبلی حلقہ میں غریب طبقات کو ہونے والی روز مرہ کی پریشانیوں کے خلاف نکالی گئی اور کلکٹریٹ دفتر میں میمورنڈم دے کر ریلی کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر کانگریس رہنما ناصر اسلام نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پچھلے کئی دنوں سے محکمہ بجلی کی جانب سے دو کمرے کے مکان والوں کو ایک لاکھ بجلی کا بل دے دیا گیا اور کہیں پر پچاس ہزار کا بل دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں عوام پر سب سے زیادہ بجلی کے دروں پر بجلی دی جا رہی ہے، اس کے بعد بھی اس طرح کی نا انصافیاں عوام کے ساتھ کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منسپل کارپوریشن کے ذریعے مکانوں کے ٹیکس کے نام پر تین لاکھ کا ٹیکس بھیج دیا گیا جبکہ وہ مکان صرف تین کمروں پر مشتمل ہے۔ وہیں بقایا رقم کے نام پر لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن بیس ہزار کے ٹیکس کے نام پر لوگوں کے گھروں کو نیلام کرنے کا نوٹس جاری کر رہی ہے۔ غریبوں کے مکان حکومت کے ذریعے اجاڑے جا رہے ہیں، انہیں ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے لیکن ان کو دوسری جگہ یا معاوضہ دینے کے نام پر کچھ بھی نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران غریبوں کو زمین دینے کے نام پر پیسے وصول رہے ہیں لیکن ان لوگوں کو ان سرد موسم میں کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور معصوم بچوں اور بزرگوں پر ترس نہیں آرہا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Congress Youth Wing Rally: جے پور میں یوتھ کانگریس کی مہنگائی کے خلاف ریلی
ناصر اسلام نے کہا حکومت میں بیٹھے لوگ اور سرکاری افسران کے اندر انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں باقی ہے ۔ ہم ان سب معاملات کو لے کر مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور اس کے لیے کئی لوگوں کو میمورنڈم بھی دے چکے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج بھوپال کلیکٹریٹ کا گھیراؤ کیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر ابھی بھی ہماری بات نہیں سنی گئی تو ہم پورے شہر میں اپنا آندولن جاری رکھیں گے اور احتجاج کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکار چاہتی ہے کہ سب کچھ لوٹ کر چلی جائے جو اب ہم یہ ہونے نہیں دیں گے۔