ریاست مدھیہ پردیش جمیعت علماء دینی بورڈ نے امسال عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر رسولﷺ کے پیغامات کو عام کرنے کو لے کر پہل شروع کی ہے۔
جمیت دینی بورڈ کے ذریعہ بلا لحاظ مذہب و ملت لوگوں کو سیرت پاک کی کتابوں کا تحفہ پیش کرنے کے ساتھ حدیث پاک کے طغرے پر بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
جمیعت دینی بورڈ کے اراکین نے جب مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو سیرت پاک کی کتاب کا تحفہ پیش کیا تو انہوں نے جمیعت کے اس اقدام کی ستائش کی۔
بھوپال جمعیت علماء کے ضلع صدر حافظ محمد اسماعیل بیگ نے کہا کہ 'جمعیت دینی بورڈ کے ذریعہ دین کی ترسیل اور پیارے نبی ﷺ کے پیغام محبت کو عام کرنے کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے لیکن اس سال روایت سے ہٹ کر مسلمانوں کے ساتھ دوسرے مذہب کے لوگوں کو بھی سیرت پاک کی کتاب پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: جے پور: عید میلاد النبی پر متعدد پروگراموں کا انعقاد
انہوں نے کہا کہ 'جب لوگ سیرت پاک کو پڑھیں گے تو اسلام کو لے کر نہ صرف ان کی غلط فہمیاں دور ہونگی بلکہ آپسی محبت کو بھی فروغ ملے گا۔'