بھوپال: تقریباً 17 سال تک مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ رہنے والے شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ وہ اپنے لیے کچھ مانگنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے اور انھوں نے اپنے بارے میں کبھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ مستقبل میں بھی پارٹی ان کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے یہ بات یہاں اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اپنے بیان 'میں دہلی نہیں جاؤں گا' کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لئے کچھ مانگنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا کام نہیں ہے اسی لیے انہوں نے یہ بیان دیا تھا۔
درحقیقت نتائج سامنے آنے کے بعد جب دیگر سینئر لیڈر دہلی کا سفر کر رہے تھے تو شیو راج سنگھ چوہان خود مدھیہ پردیش کے مختلف مقامات کا دورہ کر رہے تھے۔ اس دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ وہ دہلی نہیں جائیں گے۔
نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران چوہان نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت والی ریاست کی نئی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت عوامی بہبود کی اسکیموں کو نافذ کرے گی اور ریاست ترقی کی بلندیوں پر پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ نئی حکومت کا ساتھ دیں گے۔
اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں اطمینان کا احساس ہے کہ وہ بیمارو کی شکل میں ملنے والی ریاست کو ترقی کی راہ پر لے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدے تک اپنے سفر کی تفصیلات بھی بتائیں اور مختلف فلاحی اسکیموں کا حوالہ دیا۔
چوہان نے کہا کہ لاکھوں کارکنوں کی محنت اور مرکز اور ریاست کی فلاحی اسکیموں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم مودی کی مقبولیت کی وجہ سے اتنی بڑی اکثریت سے حکومت بنی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اب تک سب سے زیادہ فیصد ووٹ ملے ہیں اور وہ مطمئن ہیں کہ وہ ایسی حکومت بناکر جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں
انہوں نے کہا کہ کووڈ کا وقت بہت مشکل تھا لیکن اس تجربے نے بہت سی فلاحی اسکیموں کو جنم دیا۔ چوہان نے کہا کہ پارٹی نے اب ریاست کو اچھی قیادت دی ہے، انہیں قیادت سونپ کر وہ اب آگے کا سفر کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مودی سمیت تمام کا شکریہ ادا کیا۔
ایک سوال کے جواب میں چوہان نے کہا کہ وہ کبھی بھی خود کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرتے پارٹی ہی ہر چیز کا فیصلہ کرتی ہے۔ آگے بھی فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں اپنی جگہ کے بارے میں سوچنا پسند نہیں کرتے۔ بی جے پی نے انہیں بہت کچھ دیا ہے اور اب ان کی باری ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو کچھ دیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود کی سمت میں بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ انہوں نے نئے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ وہ (مسٹر چوہان خود) روزانہ درخت لگانے کی اپنی عادت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہیں سرکاری زمین دستیاب کرائی جائے۔ (یو این آئی)