بھوپال : مرکزی حکومت کے ذریعہ حج پالیسی 2023 پہلے ہی تاخیر سے نافذ کی گئی۔ اس کے بعد مرکزی وزارت فلاح و بہبود کی جانب سے تمام تر سرگرمیاں دہلی میں انجام دی جارہی ہیں۔عازمین حج سے متعلق قرعہ اندازی ہمیشہ سے حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی میں منعقد ہوتا رہا ہے اور وہاں سے دیگر ریاستوں کو آن لائن طریقہ کار سے قرعہ اندازی کی جاتی تھی، قرعہ اندازی سے چند ایام قبل ہی کوٹہ کا اعلان بھی کر دیا جاتا تھا۔ لیکن اس بار نہ تو کوٹہ کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی قرعہ اندازی سے متعلق کوئی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ آخر کار آج گزشتہ کل 3 بجے دہلی میں مرکزی فلاح و بہبود کی جانب سے دہلی میں قرعہ اندازی کی سرگرمیاں شروع ہوئیں لیکن طویل وقت گزر جانے کے بعد بھی ریاست مدھیہ پردیش کے حج درخواست گزار پریشاننظر آئے۔
جب اس تعلق سےمدھیہ پردیش حج کمیٹی کے صدر رفعت وارثی سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا پہلے قرعہ اندازی تقریب بھوپال کے حج ہاؤس میں منعقد ہوتی تھی۔ لیکن اس بار مرکزی وزارت فلاح و بہبود کے ذریعہ قرعہ اندازی کی تقریب دہلی میں منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی قرعہ اندازی جاری ہے اور ستر سال سے زیادہ عمر کے604 افراد نے درخواست دی تھی، ان تمام لوگوں کا انتخاب ہوگیا ہے۔ اور ریاست مدھیہ پردیش کو کتنا کوٹہ ملے گا اور ریاست کے حج درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا وہ قرعہ اندازی کے بعد ہی پتہ چل پائے گا۔
وہیں مقامی حج درخواست گزار کاکہنا ہے کہ وہ صبح سے ہی حج کمیٹی کے دفتر کا چکر لگا کر پریشان ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جس طرح کے انتظامات سینٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کو کرنا چاہیے تھا وہ اس بار نہیں ہوا ہے۔ کیونکہ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور لوگ پریشان ہیں۔ مدھیہ پردیش حج ہاؤس میں صبح سے ہی حج درخواست گزار پہنچنے لگے تھے۔ وہیں کچھ لوگوں کے مطابق ان کا نام قرعہ اندازی میں آنے کے بعد آن لائن کمپیوٹر پر بھی دیکھا گیا لیکن کچھ دیر بعد ہی منتخب نام کو ہٹا دیا گیا۔ جس سے لوگوں میں مایوسی نظر آ رہی ہے۔ کئی لوگوں نے نام کمپیوٹر پر دیکھنے کے بعد اپنے گھر والوں اور رشتہ داروں کو فون کر کے حج پر جانے کی مبارکباد بھی دے دی، لیکن کچھ دیر بعد ہی قرعہ سے نام ہٹ جانے کے بعد لوگ مایوس ہوگئے۔
واضح رہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں کل درخواستیں 12928 جمع ہوئی ہیں۔ جس میں 10556 درخواست رجسٹرڈ ہوئی وہی 70 سے زیادہ عمر والوں کی تعداد 604، بغیر محرم کے جانے والی خواتین کی تعداد 130 ہے۔اس کے علاوہ جنرل کیٹیگری سے جانے والوں کی تعداد 9822 ہے۔
مزید پڑھیں:Haj 2023 دہلی میں عازمین حج کی قرعہ اندازی مکمل، فہرست جاری