بھوپال: آج بھوپال سے نظام الدین جا رہی وندے بھارت ٹرین جیسے ہی بینا کے قریب کروائی کیتھورا پہنچی تو ٹرین میں اچانک آگ لگ گئی۔ دراصل یہ واقعہ وندے بھارت ٹرین کے سی 14 کوچ میں پیش آیا، حالانکہ تمام مسافروں کو بروقت بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ واضح رہے کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ کوچ میں نصب بیٹری کی وجہ سے پیش آیا۔ فی الحال آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح 5.40 پر ٹرین نمبر 20171 (وندے بھارت ٹرین) بھوپال کی رانی کملا پتی سے دہلی کے نظام الدین کے لیے روانہ ہوئی، جب بینا کے قریب کروائی کیتھورا پہنچی تو وہاں اچانک ٹرین سے دھواں اٹھنے لگا۔ سی 14 کوچ میں سیٹ کے نیچے آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ جیسے ہی مسافروں کو اس بات کا علم ہوا تو وہ ادھر ادھر بھاگنے لگے جس کے بعد ٹرین کو روک دیا گیا۔
مزید پڑھیں: Kanwar Yatra 2023 میرٹھ میں ہائی ٹینشن لائن کی زد میں آنے سے پانچ کانوڑیوں کی موت
ٹرین میں سی-14 کوچ میں تقریباً 36 مسافر موجود تھے، جس کے بعد ٹرین کے رکنے کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ کی ٹیم مسلسل آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایک مسافر نے بتایا کہ صبح تقریباً 7.10 بجے جب میں نے اپنی سیٹ کے نیچے سے بھڑکتی آگ دیکھ کر لوگوں کو بتایا۔ اس کے بعد سبھی ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ ٹرین رکی تو دیکھا کہ کوچ کی بیٹری میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اس وقت ہمیں نیچے اتارا گیا ہے اور فائر بریگیڈ کی ٹیم آگ بجھانے میں مصروف ہے۔