مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں منعقد ایک شادی کی تقریب میں کانگریس پارٹی کے رہنما نے دلہن کو لکڑی اور مٹی کا چولہا بطور تحفہ دے کر اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔
مہنگائی کے خلاف ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کے رہنماوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔
گذشتہ شام کانگریس پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان نے چھولا علاقہ میں منعقد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دلہن کو تحفہ مٹی کا چولہا اور دس کلو لکڑی دی۔
چھولا دشہرہ علاقہ کے ساکن رگھوراج شری واستو کی بیٹی کی شادی میں کانگریس پارٹی کے رہنما امت شکلا اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پہنچے۔ شادی کی تقریب میں انہوں نے دلہن کو بطور تحفہ چولہا اور لکڑی پیش کیا ۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج
کانگریس پارٹی کے رہنما امت شکلا کا کہنا ہے کہ نریندر مودی حکومت مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کر کے بر سر اقتدار آئی تھی۔ تاہم پٹرول، ڈیزل، تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل ہورہے اضا فہ سے یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہے ۔
انہوں نے کہا مہنگائی کے اس دور میں کم از کم غربا اور متوسط طبقہ کو راحت دینا یہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر مذکورہ شادی میں دلہن کو بطور تحفہ لکڑی اور چولہا دیا گیا ہے تاکہ ریاستی حکومت اور مقامی رکن اسمبلی سمیت بی جے پی کے تمام ارکان اسمبلی اس پر غور و خوض کریں۔