ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں دو فریق کے درمیان پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا۔ پورے واقعے میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور کچھ لوگ زخمی بھی ہو گئے۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز صدر بازار تھانہ علاقے کے گاڑیش چوک پر پیر کے روز دو فریقوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا تھا۔ اس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔
لیکن آج جب وہ رہا ہو کر واپس آیا تو دوبارہ دونوں فریقوں کے درمیان پتھر بازی ہوگئی۔ اس میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور کچھ لوگ زخمی ہو گئے۔
اس معاملے پر ایڈیشنل ایس پی پرشانت چوبے نے کہا کہ ایک روز قبل ہی دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تھا۔ آج پھر دونوں فریق کے درمیان پتھر بازی کا واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی لوگ اس واقعے کے ذمہ دار ہیں ان کو بخشا نہیں جائے گا۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ علاقے میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باوجود ایسے واقعات کا پیش آنا انتظامہ کے لیے چیلنج ہے۔