ریاست مدھیہ پردیش کی مساجد کمیٹی بھوپال نے نماز عید الفطر کی ادائیگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے مسلمانان بھوپال سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مساجد میں حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق نماز پنجگانہ ادا کی جا رہی ہے اور بقیہ لوگ اپنے گھروں میں نماز ادا کر رہے ہیں۔
اسی طرز پر جاری لاک ڈاؤن کے دوران تمام مسجدوں میں عید الفطر کی نماز کورونا ضابطے کی مکمل پیروی کرتے ہوئے صبح سوا چھ بجے ادا کی جائے گی۔
بقیہ افراد اپنے گھروں میں چند افراد کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کریں اور جو لوگ کسی سبب سے نماز عید الفطر ادا نہ کر سکیں وہ اپنے گھروں میں دو رکعت یا چار رکعت نماز چاشت پڑھ لیں اور صدق دل سے توبہ کریں اور حالات حاضرہ کی درستگی کے لیے بھی دعا کریں کہ اللہ اس وبا سے ساری انسانیت کو نجات دے۔
نماز عید الفطر کے بعد خطبہ انتہائی مختصر پڑھیں۔ خطبہ دیکھ کر بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ اگر خطبہ کی کتاب دستیاب نہ ہو تو اسے ترک بھی کیا جا سکتا ہے۔
شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کریں اور اللہ سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں۔