بھوپال: مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی میں آج تخصیص بل اور دیگر بلوں کی منظوری کے بعد اسپیکر گریش گوتم نے ایوان کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتے ہوئے بجٹ اجلاس کا اختتام کیا۔ اس سے پہلے مالی سال 2023-24 کے لیے تقریباً تین لاکھ 14 ہزار کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ اور اس سے متعلق اختصاصی بل کو صوتی ووٹ کے ذریعے پاس کرنے کی رسمی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ اس کے ساتھ ایجنڈے میں شامل دیگر بل بھی منظور کر لیے گئے۔ شہری ترقیات کے وزیر بھوپیندر سنگھ کی غیر موجودگی کی وجہ سے ریاستی وزیر او پی ایس بھدوریا نے اپنے محکمہ سے متعلق بل کو پاس کرنے سے متعلق رسمی کارروائیاں بغیر بحث کے مکمل کر لیں۔
ایجنڈے میں شامل تمام کاموں کی تکمیل پر پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے کہا کہ بجٹ میں طے شدہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری کام مکمل ہو چکے ہیں اور سیشن کا صرف ایک دن باقی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایوان کے بہتر کام کے لیے اسپیکر گریش گوتم، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر گووند سنگھ، تمام افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر گوتم نے ودھان سبھا کے تمام اراکین بشمول افسران، ملازمین اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے پارلیمانی امور کے وزیر کی تجویز کے مطابق کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ 27 فروری کو ودھان سبھا کے بجٹ اجلاس کی کارروائی گورنر کے خطاب کے ساتھ شروع ہوئی تھی۔ اس میں 13 اجلاس تجویز کیے گئے جن میں سے 12 اجلاس ہوئے۔
یواین آئی