بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں شاہی اوقاف کے ذریعہ مکہ اور مدینہ میں رباط یعنی عازمین کے ٹھہرنے کا انتظام ریاست کے نوابوں کے ذریعے کیا جاتا رہا ہے۔ اور یہ سارے انتظامات شاہی اوقاف کے ذریعے کیے جاتے رہے ہیں۔ اس بار ایک ہزار عازمین میں سے 210 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ لیکن وہیں شاہی اوقاف کے ذریعہ کچھ بدانتظامی کے چلتے وقف بورڈ کے صدر سنور پٹیل نے سینٹرل حج کمیٹی اور شاہی اوقاف کی متولی نواب صبا علی خان پٹودی کو نوٹس بھیجا ہے۔ جس پر سنور پٹیل کا کہنا ہے کہ ہماری دخل اندازی اس معاملے میں اس لیے ہے کیونکہ وقف بورڈ طے کرتا ہے کہ اوقاف شاہی کا متولی کون ہوگا۔
انہوں نے کہا مکہ میں ریاست کے 210 حاجیوں کو رباط ملتی ہے اور باقی کو مدینہ میں ہم نے اس تعلق سے شاہی اوقاف کی متولی صبا خان کو خط بھیجا اور انہوں نے جلد سے جلد قرعہ اندازی کرائی ہیں۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ 210 عازمین جن کا قرعہ اندازی میں انتخاب کیا گیا ان کا پیسہ ابھی تک ان کے حج اخراجات سے کم نہیں کیا گیا۔ اور ہم نے ان کے اخراجات کم کرنے کے لیے ایک بار پھر صبا علی خان کو خط لکھا ہے۔ اور سینٹرل حج کمیٹی کے ذمہ داران سے بھی بات کی جا رہی ہے۔ سینٹرل حج کمیٹی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ شاہی اوقاف ان 210 جن کا قرعہ اندازی میں انتخاب کیا گیا ہے ان کے دستاویز مکمل کرکے ہمیں جلد سے جلد بھیج دے۔ سنور پٹیل نے شاہی اوقاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد منتخب عازمین کے دستاویز مکمل کر بھیج دیں تاکہ ان کو ان کے حج اخراجات کے پیسے واپس کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ریاستی وقف بورڈ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اوقاف شاہی کی متولی صبا سلطان کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس ان کی دہلی رہائش گاہ کے پتے پر ڈاک کے ذریعے بھیجا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ نوٹس کی ایک کاپی موتی مسجد میں اوقاف شاہی کے دفتر بھی بھیجی گئی ہے۔ ساتھ ہی سات دنوں میں نوٹس کا جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ صبا سلطان سابق کرکٹر منصور علی خان پٹودی کی بیٹی ہے۔ وقف بورڈ نے انہیں 30 دسمبر 2011 میں نوابوں کے ذریعے وقف کی گئی جائیدادوں کا متولی منتخب کیا تھا۔ جاری کردہ وجہ بتاؤ نوٹس میں اپنی ذمہ داری نبھانے میں لاپرواہی اور کام میں دلچسپی نہ لینے کی بات کہی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس نوٹس میں پانچ نکات پر جواب طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق صبا متولی کے طور پر اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھا رہی ہیں، اور نہ ہی وقف جائیداد کے تحفظ کے لیے کوئی اقدام کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وقف جائیداد پر تجاوزات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری دوسروں کو سونپ رکھی ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی وقف بورڈ کے صدر سنور پٹیل کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے بھوپال سے حج پر جانے والے حاجیوں کو رباط نہیں مل رہا ہے۔ ساتھ ہی صبا سلطان اوقاف شاہی کی متولی کے طور پر کام میں اپنی ذمہ داری بھی نہیں نبھا پا رہی ہیں۔ وقف بورڈ کے ذریعہ جاری کیے گئے احکامات کی ان دیکھی کر رہی ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔