مرکز کے زیر انتظام لداخ کو جموں و کشمیر سے جوڑنے والی قومی شاہراہ کو انتظامیہ کی جانب سے بند کر دیا گیا ہے۔ دراصل سردیوں کی آمد کے بعد جب برفباری کا موسم شروع ہوتا ہے، اس وقت شاہراہ پر بھاری برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل روک دی جاتی ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک گاندربل فہیم علی نے کہا کہ زوجیلا، مینمارگ، زیرو پوائنٹ، انڈیا گیٹ اور دیگر مقامات پر درجۂ حرارت منفی 20 ڈگری سیلسیئس تک گر گیا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر پھسلن ہے اور گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے۔
فہیم علی نے بتایا کہ سرینگر ۔ لیہہ قومی شاہراہ کو اگلے احکامات تک بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر محکمۂ موسمیات نے بھی پیر سے برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
دریں اثنا ڈویژنل کمشنر پی کے پول نے تصدیق کی کہ پھسلن کی وجہ سے سرینگر ۔ لیہہ قومی شاہراہ سردیوں کے مہینوں میں ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے زوجیلا پاس کے دوسری طرف سونامرگ اور ڈریس کے درمیان شاہراہ پر تعینات اپنے تمام ٹریفک اہلکاروں کو واپس بلا لیا ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
تبلیغی جماعت: کورونا مجرم یا مسیحا؟
واضح رہے کہ سرینگر - لیہہ قومی شاہراہ بھاری بارش و برفباری کی وجہ سے سال میں چار ماہ بند رہتی ہے، حکومت کی جانب سے زوجیلا پاس کے مقام پر ایک سرنگ بھی نکالی جارہی ہے تاکہ سردیوں کے ایام میں بھی دونوں اطراف آمدورفت جاری رہے۔