سرینگر میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی دوپہر کو پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کردی۔
انہوں نے کہا وہاں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں نے اس پاکستانی حملے کا بھر پور جواب دیا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثناء جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے منگل کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی بی یا ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے عسکریت پسندوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوششیں کررہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر طرفین کے مابین گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔
طرفین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور گذشتہ کچھ ماہ سے جاری کورونا وبا کے با وصف بھی سرحد لگاتار گرم ہے جس سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل بن گیا ہے۔